میرا میانوالی -----------------------------
کل طبیعت ٹھیک نہیں تھی ، اس لیے آپ کی محفل میں حاضر نہ ہو سکا - منتظر ساتھیوں سے معذرت -
کیا آپ نے کبھی “ آوی“ دیکھی ہے -؟ ------- آوی مٹی سے بنے ہوئے کچے برتن پکانے کی بھٹی کو کہتے تھے - داؤدخیل میں ہمارے گھر کے قریب چاچا شادی بیگ کمہار کی آوی ہؤا کرتی تھی - آوی راکھ کا بہت بڑا سا ڈھیر تھی - چاچا شادی بیگ مہینے بھر میں جو برتن بنا لیتے وہ آوی میں پکا تے تھے - بہت بڑے دائرے میں اوپر نیچے برتنوں کی قطاریں راکھ میں دبا کر اوپر کچھ اور راکھ ڈال دیتے تھے - آوی پر خشک کوندر کے پودے تہہ در تہہ بچھا کر انہیں آگ لگا دیتے تھے - تیز آگ کے سیک اور دھوئیں کے سیاہ بادلوں سے دوچار گھنٹے سارے محلے کا جینا حرام رہتا ، مگر لوگ برداشت کر لیتے کہ آوی پر پکے ہوئے برتن بھی وہی استعمال کرتے تھے - خاص طور پر خواتین تو بہت خوش ہوتی تھیں -
آگ کے شعلے دوچار گھنٹے بھڑک کر بجھ جاتے مگر آگ اندر ہی اندر دو تین دن دہکتی رہتی - تین چار دن بعد جب آگ بالکل بجھ جاتی اور برتن ٹھنڈے ہو جاتے تو چاچا شادی بیگ اور ان کے گھر والے راکھ کھود کر خوبصورت سرخ رنگ کے ٹھن ٹھن کرتے برتن نکال لیتے تھے - آوی کھلتے ہی خواتین کی یلغار شروع ہوجاتی - نقد پیسے یا گندم دے کر دھڑا دھڑ برتن خریدے جاتے - اب تو اکژبرتنوں کے نام بھی لوگوں کو معلوم نہیں ھوں گے - تاریخ کے ریکارڈ کی خاطر میں بتا دیتا ہوں -
گھڑے --------
ماٹیاں ( اردو اور شاید پنجابی میں بھی) چاٹی کہتے ہیں - یہ گھڑے کے سائیز کی کھلے منہ والی دیگ سی ہوتی تھی ، جس میں لسی ، مکھن وغیرہ بناتے تھے -
کٹوی ------- ہانڈی
سگلی --- ہانڈی کے سائیز کا برتن ، عام طور پر سگلی دودھ ، لسی وغیرہ رکھنے کے لیے استعمال ہوتی تھی -
ساہنڑک ( شاہنڑک بھی کہتے ہیں - عربی لفظ صحن کے ساتھ ‘ک؛ لگا کر ایرانیوں نے اسے صحنک بنا دیا - وہاں سے یہ لفظ ہم تک پہنچا تو ہم نے اپنا لچ تل کر اسے ساہنڑک یا شاہنڑک بنادیا) - ساہنڑک آٹا گوندھنے میں استعمال ہوتی ہے -
پھیلی ---- مٹی کی پلیٹ ، سالن وغیرہ کے لیے -
ٹھبرا ------ بڑے سائز کی خاصی وزنی پلیٹ جو ولیمے کے سالن کے لیے استعمال ہوتی تھی -
بٹھلی ------ پانی پینے کا پیالہ
بادیہ ---- یہ بھی پانی پینے کا پیالہ تھا - یہ بٹھلی سے ذرا زیادہ نفیس اور خوبصورت ہوتا تھا -
ہمارے ہاں تو مٹی کے یہی برتن چلتے تھے - کچھ اور بھی ہوں گے جو ہمیں معلوم نہیں - مٹی کے برتنوں میں کھانا پینا سنت رسول (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) بھی ہے - اس کی یقینا کچھ برکات بھی ہوں گی -
اب تو گلبرگ اور ڈیفنس میں رہنے والے نئے اور پرانے امیر بھی culture symbol کے طور پر یہ برتن اپنے ڈرائنگ رومز کی زینت بناتے ہیں - استعمال تو وہ کرے جو کھانا گھر میں کھائے - ماڈرن لوگ برگر ، پیزا، چرسی تکہ وغیرہ باہر سے کھا لیتے ہیں - واللہ اعلم -
------------------------------------------------------- رہے نام اللہ کا ---------------------------------------------------
------ منورعلی ملک ------
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں